لاہور: (دنیا نیوز) ہربنس پورہ کے علاقے میں پولیس مقابلہ، ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار جبکہ ساتھی فرار ہو گیا۔
پولیس اہلکار ساھواڑی ناکہ پر موجود تھے کہ 2 موٹر سائیکل سواروں کو مشکوک جانتے ہوئے روکنے کا اشارہ کیا، پولیس کو دیکھتے ہی ڈاکوؤں نے پولیس پر سیدھی فائرنگ شروع کر دی اور بھاگنے کی کوشش کی۔
پولیس نے اپنے آپ کو محفوظ رکھتے ہوئے ڈاکوؤں کا تعاقب کیا، فائرنگ رکنے پر ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھی ڈاکو کی فائرنگ سے زخمی حالت میں گرفتار ہو گیا جس کی شناخت نبیل حسن کے نام سے ہوٸی۔
گرفتار ڈاکو سے اسلحہ برآمد ہو گیا، گرفتار زخمی ڈاکو ڈکیتی، چوری، چھینا جھپٹی، منشیات فروشی کے 50 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ نکلا، دوسرا ڈاکو فائرنگ کرتا ہوا موقع سے فرار ہو گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار زخمی ڈاکو کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جس کا علاج معالجہ جاری ہے، پولیس عوام الناس کے جان و مال کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت موجود ہے، فرار ساتھی ڈاکو کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔