غیر قانونی کرنسی میں ملوث بینک منیجر سمیت 4 ملزمان گرفتار، کروڑوں برآمد

Published On 28 May,2025 12:00 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ایف آئی اے سٹیٹ بینک سرکل کراچی نے کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث بینک منیجر سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار کی ہدایت پر ایف آئی اے سٹیٹ بینک سرکل کراچی کی ٹیم نے فاطمہ ہسپتال، سولجر کراچی کے قریب چھاپہ مار کارروائی کے دوران 2 ملزمان کو گرفتار کیا۔

گرفتار ملزمان کی شناخت سید محمد رضا اور حسنین کے نام سے ہوئی، چھاپے کے دوران ملزمان سے 50600 امریکی ڈالر برآمد ہوئے جبکہ 1500 یورو، ایک لاکھ روپے اور 10 تولے سونے کے سکے بھی برآمد کیے گئے۔

ملزمان سے 3 عدد موبائل فونز بھی برآمد کر لیے گئے جبکہ موبائل فون سے غیر ملکی کرنسی کے تبادلے سے متعلق ڈیجیٹل ثبوت بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔

ملزمان بغیر لائسنس کرنسی ایکسچینج کا کاروبار کر رہے تھے جبکہ برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکے، ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ملزمان کے دیگر ساتھیوں کے خلاف چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔

ایف آئی اے کی دوسری کارروائی میں نجی بینک منیجر سمیت 2 ملزمان گرفتار کر لیے گئے جن میں ذیشان عباس اور عبدالکریم شامل ہیں، ملزم ذیشان عباس نجی بینک میں بطور ریلیشنشپ منیجر تعینات ہے۔

چھاپہ مار کارروائی نجی بینک کی خیابان شہباز برانچ واقع ڈی ایچ اے میں کی گئی، ملزمان سے 9000 امریکی ڈالر برآمد جبکہ ملزمان کے موبائل فون سے غیر ملکی کرنسی کے تبادلے سے متعلق ڈیجیٹل ثبوت بھی برآمد کر لیے گئے۔

ملزمان برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکے جنہیں گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، ملزمان کے دیگر ساتھیوں کے خلاف چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔