اسلام آباد: (دنیا نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں 7 کامیاب کارروائیاں کیں جن میں 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 168.443 کلو گرام منشیات برآمد کی گئی جن کی مالیت 2 کروڑ 34 لاکھ روپے سے زائد ہے۔
راولپنڈی کے علاقے مریڑ حسن میں سکول کے قریب کارروائی کے دوران ایک ملزم کے قبضے سے 105 ایکسٹیسی گولیاں برآمد ہوئیں جن کا وزن 55 گرام تھا۔ گرفتار ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ یہ گولیاں تعلیمی اداروں کے طلبہ کو فروخت کرتا تھا۔
فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ریاض جانے والے ایک مسافر کے سامان سے 988 گرام ہیروئن برآمد کی گئی، لاہور کے قصور روڈ پر کارروائی میں 3 ملزمان سے 5 کلو ہیروئن اور 3 ڈرونز قبضے میں لیے گئے۔
اسی طرح حیدر آباد کے آٹو بھان روڈ پر ایک کوریئر آفس کے قریب گاڑی سے 3 کلو چرس برآمد ہوئی اور 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، پشاور میں یونیورسٹی روڈ کے قریب ایک گاڑی سے 3 کلو ہیروئن اور 14.4 کلو چرس قبضے میں لی گئی۔
پشاور ہی کے علاقے شاہکاس (خیبر) سے سمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 30 کلو افیون اور 30 کلو چرس برآمد کی گئی جبکہ چاغی کے علاقے داؤد آباد، دالبندین سے 18 کلو چرس برآمد ہوئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔