اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس میں ملزم کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے دوبارہ 23 جون کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
چار روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے کے بعد ملزم عمر حیات کو جوڈیشل مجسٹریٹ حفیظ احمد کی عدالت میں پیش کیا گیا، پراسیکیوشن کی جانب سے عدنان علی، راجہ نوید حسین اور مظہر بشیر پیش ہوئے۔
پراسیکیوٹر راجہ نوید نے کہا کہ ملزم کے زیر استعمال گاڑی برآمد ہو چکی ہے اور موبائل فون برآمد کرانا مقصود ہے، ملزم انتہائی چالاک اور جرم کی سنگینی کو سمجھتا ہے اس لئے موبائل فون برآمد نہیں کرا رہا، عدالت سے استدعا ہے کہ ملزم کا مزید 7 یوم کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے۔
بعدازاں عدالت نے ملزم کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے دوبارہ 23 جون کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ ملزم کے خلاف ٹک ٹاکر ثناء یوسف کو قتل کرنے کے الزام میں تھانہ سمبل میں مقدمہ درج ہے، ملزم نے گھر میں گھس کے ثناء یوسف کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔