لاہور: ماں بیٹی کو فائرنگ کرکے قتل کرنے والا مرکزی ملزم گرفتار

Published On 19 June,2025 11:58 am

لاہور: (دنیا نیوز) باٹا پور کے علاقے میں ماں بیٹی کو فائرنگ کر کے قتل کرنے والے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے ماں بیٹی کے قتل کی واردات کا نوٹس لیا تھا، ایس پی انویسٹی گیشن کینٹ بشریٰ نثار کی سربراہی میں ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔

انچارج انویسٹی گیشن تھانہ باٹا پور صداقت علی نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرکے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔

ایس پی انویسٹی گیشن بشریٰ نثار کے مطابق ملزم نے گھریلو لڑائی جھگڑے کی بنا پر نبیلہ بی بی اور اس کی بیٹی کو فائرنگ کرکے بےدردی سے قتل کر دیا تھا، ملزم قتل کرنے کے بعد موقع سے فرار ہو گیا تھا جس کو جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ پولیس پراسیکیوشن پارٹنر شپ کی مدد سے گرفتار ملزم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کا کہنا تھا کہ خواتین کو جنسی تشدد اور قتل کرنے والے ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں، جرائم پیشہ عناصر سے آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹا جائے گا۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید کی طرف سے پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان کیا گیا ہے۔