سوات:(دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں پولیس کے حاضر سروس سب انسپکٹر کو ڈکیتی کے سنگین الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ہونے والے سب انسپکٹر بحرالمک کا تعلق ضلع شانگلہ سے ہے اور وہ حالیہ دنوں میں سوات کے منگلور تھانے میں تعینات تھا۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم بحرالمک کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے اسے 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر کانجو پولیس کے حوالے کیا گیا، اس کیس میں ملزم کا بیٹا اور 2 دیگر افراد پہلے ہی گرفتار ہو چکے ہیں۔
واضح رہے ڈکیتی کا واقعہ 3 ماہ قبل سوات کے علاقے کبل میں پیش آیا تھا جہاں ننگولئی کے ایک پٹرول پمپ پر واردات میں 24 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے تھے، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اب تک ملزمان سے 14 لاکھ 30 ہزار روپے کی رقم برآمد کرلی ہے۔
دوسری جانب پولیس کا مزید کہنا تھا کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور مزید حقائق جلد منظرعام پر آنے کی توقع ہے۔
خیال رہے اس واقعے نے پولیس محکمے کے وقار پر سوالات اٹھا دیے ہیں اور اعلیٰ حکام نے بھی اس پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔