بلوچستان: مرد اور خاتون کے بہیمانہ قتل کا مقدمہ درج

Published On 21 July,2025 11:54 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کے علاقے سنجیدی ڈیگاری میں ایک مرد اور خاتون کو فائرنگ کر کے قتل کرنے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقدمہ ہنہ اوڑک تھانہ میں انسداد دہشت گردی ایکٹ، قتل اور قتل میں معاونت کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے، فائرنگ کرنے والے شخص اور ویڈیو میں نظر آنے والے ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس نے کہا ہے کہ واقعے میں قبائلی رہنما شیرباز خان سمیت 13مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، مزید گرفتاریوں کا بھی امکان ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان میں خاتون اور مرد کے بہیمانہ قتل کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، ویڈیو میں مسلح افراد نامعلوم مقام پر ایک خاتون اور مرد پر اندھا دھند فائرنگ کرتے دکھائی دے رہے تھے۔

ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سوشل میڈیا پر ایک خاتون اور مرد کے بہیمانہ قتل کی ویڈیو وائرل ہونے کا نوٹس لیا تھا۔

شاہد رند نے کہا تھا کہ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق یہ عیدالاضحیٰ کے قریب کا واقعہ ہے، اب تک لاشیں برآمد نہیں ہوئیں، علاقے میں اس وقت سی ٹی ڈی اور پولیس موجود ہے۔