کراچی: (دنیا نیوز) اے این ایف نے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 7 کارروائیوں کے دوران 3 ملزمان گرفتار جبکہ 177 کلو منشیات برآمد کر لیں۔
اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ضبط کی گئی منشیات کی مالیت 1 کروڑ 3 لاکھ روپے سے زیادہ ہے، راولپنڈی میں واقع کوریئر آفس میں اٹک سے آسٹریلیا بھیجے جانے والے قالین میں جذب شدہ 25 کلو آئس برآمد کی گئی۔
پشاور میں واقع کوریئر آفس میں بہاولنگر بھیجے جانے والے پارسل سے 120 گرام چرس، لہتراڑ روڈ اسلام آباد پر واقع کوریئر آفس میں کراچی بھیجیے جانے والے پارسل سے 500 گرام چرس پکڑی گئی۔
کراچی کی موسیٰ لین لیاری میں واقع گودام سے 125 کلو گرام پوٹاشیم پرمینگیٹ، ہزار گنجی کوئٹہ کے قریب گاڑی سے 25 کلو چرس برآمد اور نیول اینکریج اسلام آباد کے قریب گاڑی سے 150 گرام کوکین اور 370 گرام آئس برآمد کی گئی۔
ترجمان اے این ایف نے بتایا کہ مانسہرہ کے داتا دربار کے قریب ملزم کے قبضے سے 530 گرام چرس برآمد ہوئی، تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔