راولپنڈی: گردوں کی پیوندکاری کرنیوالے گینگ کا کارندہ گرفتار، سٹریچر سے بندھا شہری بازیاب

Published On 07 August,2025 11:53 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی پولیس نے گردوں کی غیرقانونی پیوندکاری کرنے والے گینگ کے خلاف کارروائی کر کے گینگ کے ایک کارندے کو گرفتار کر لیا۔

راولپنڈی میں پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے انسانی جسم کے اعضا کی خریدو فروخت میں ملوث گروہ کے کارندے کو گرفتار کیا ہے، چھاپے کے دوران سٹریچر سے بندھے ہوئے نوجوان حنان زاہد کو بازیاب کروالیا گیا۔

پولیس نے مخبر کی اطلاع پر چھاپہ مارا تو ایک شہری سٹریچر سے بندھی ہوئی حالت میں ملا، جس کی شناخت حنان زاہد کے نام سے ہوئی، اس دوران ایک ملزم کو گرفتار بھی کیا گیا تاہم 6 ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس کے مطابق فرار ملزمان میں سرجن ڈاکٹر منظور، عمران، گل نواز، زیب، رفیق عرف فیکا شامل ہیں۔

پولیس حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ راولپنڈی میں گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری کے خلاف آپریشن کا سلسلہ جاری ہے، ملزمان کے خلاف تھانہ روات میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔