کراچی: قتل سمیت سنگین وارداتوں میں ملوث 2 ملزم زخمی حالت میں گرفتار، ایک فرار

Published On 08 September,2025 07:36 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں سچل پولیس کا سعدی ٹاؤن کے قریب سٹریٹ کرمنلز سے مقابلہ ہوگیا۔

پولیس حکام کے مطابق دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں دو ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لئے گئے جبکہ ان کا ایک ساتھی فرار ہوگیا، گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور چھینا ہوا سامان برآمد کر لیا گیا، زخمی حالت میں گرفتار ملزموں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس حکام نے مزید بتایا کہ پکڑے گئے ملزموں میں رحیم اللہ عرف رحیم اور شیر افضل شامل ہیں، ملزم رحیم اللہ عرف رحیم انتہائی خطرناک ملزم ہے اور 15 سے زائد مختلف مقدمات میں گرفتار ہوکر جیل جا چکا ہے، ملزم 2023ء میں محمد خان گوٹھ میں کار سوار نوحہ خواں سید حسنین حیدر نقوی کے قتل میں بھی ملوث تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم عرصہ دراز سے پولیس کو مطلوب تھا، قتل کا مقدمہ تھانہ سچل میں درج ہے، گرفتار ملزمان سے مزید وارداتوں کے متعلق انکشافات متوقع ہیں۔