لاڑکانہ: (دنیا نیوز) پولیس کے افسر اور اہلکار کی شہادت میں ملوث اشتہاری بدنام ڈاکو مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔
ایس ایس پی احمد فیصل چودھری نے بتایا کہ عاقل پیر شیر کے کچے کے علاقے میں گشت پر معمور پولیس اہلکاروں اور ڈاکوؤں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ایک ڈاکو مارا گیا۔
احمد فیصل چودھری کا مزید کہنا تھا کہ ہلاک ڈاکو کی شناخت پپو مہر کے نام سے ہوئی، پپو مہر نے 2021ء میں لاڑکانہ کے علاقے وڈا مہر میں اے ایس آئی مظفر کھوسو اور اہلکار نواب جتوئی کو شہید کیا تھا۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ پپو مہر صوبہ سندھ میں جاری منشیات فروشوں کی فہرست میں A کیٹیگری میں شامل تھا، ہلاک ڈاکو کے خلاف قتل اقدام قتل منشیات فروشی جیسے سنگین نوعیت کے 30 سے زائد مقدمات درج تھے۔
احمد فیصل چودھری کا کہنا تھا کہ ہلاک ڈاکو کے مزید ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا، پپو مہر کی لاش کو ٹراما سینٹر منتقل کردیا۔