منشیات مقدمات کیلئے نیا قانون بنانے کیخلاف کیس، چیف سیکرٹری کی مہلت کی استدعا مسترد

Published On 09 September,2025 06:14 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں منشیات کے مقدمات کیلئے پہلے سے موجود قانون کے باوجود نیا قانون بنانے کے خلاف کیس میں عدالت نے چیف سیکرٹری کی تین ہفتے مہلت دینے کی استدعا مسترد کر دی۔

چیف جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 3 رکنی فل بینچ نے پیر کے روز تک جواب جمع کروانے کا حکم دیدیا اور کہا کہ آپ نے تو پورا قانون پکڑ کر تبدیل کر دیا، کس طرح سے دو قانون ایک ہی وقت میں لاگو ہوں گے؟۔

عدالت نے استفسار کیا کہ فیڈرل لا کہتا ہے منشیات کے کیسز دو رکنی بینچ سنے گا، پنجاب حکومت کہتی ہے منشیات کے کیسز سنگل بنچ سنے گا، گورنمنٹ آف پنجاب کل کہہ دے گی کہ فیڈرل گورنمنٹ کیا ہوتی ہے۔

جسٹس فاروق حیدر نے کہا چیف سیکرٹری صاحب بتائیں کیا صوبائی قانون فیڈرل قانون کو ختم کر سکتی ہے، ہمیں نہیں پتا آپ نے یہ قانون کس کے ساتھ بیٹھ کر بنایا؟۔