جہلم: مبینہ پولیس مقابلہ، 100 سے زائد مقدمات میں مطلوب ملزم مارا گیا

Published On 13 September,2025 09:06 am

جہلم: (دنیا نیوز) جہم میں ڈومیلی موڑ کے قریب سی سی ڈی پولیس اور اشتہاریوں کے درمیان مبینہ فائرنگ کے تبادلے میں 100 سے زائد مقدمات میں مطلوب ملزم اویس مارا گیا۔

ترجمان پولیس کے مطابق ناکہ بندی کے دوران ایک مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا گیا جس پر ملزمان نے فائرنگ کر دی اور کار میں فرار ہو گئے۔

پولیس کے مطابق پولیس نے تعاقب کیا تو تھوڑی ہی دوری پر گاڑی سے ملزم اویس زخمی حالت میں گرفتار ہوا جو ہسپتال منتقل کرتے ہوئے دم توڑ گیا، اویس اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہوا تھا۔

ترجمان سی سی ڈی پولیس نے مزید بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والا ملزم ڈکیتی، کار سنیچنگ، چوری اور منشیات سمیت 100 کے قریب مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا، ملزم کے قبضے سے چوری کی گئی گاڑی اور اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے جبکہ دوسرے فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔