کراچی: شادی کے روز دلہا لاپتہ، مبینہ طور پر اغواء کا مقدمہ درج

Published On 14 September,2025 09:22 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کے علاقے کورنگی مدینہ کالونی میں شادی کے روز ایک نوجوان دلہا پراسرار طور پر لاپتہ ہوگیا، پولیس نے دلہے کے مبینہ طور پر اغواء کا مقدمہ والد وسیم کی مدعیت میں تھانہ زمان ٹاؤن میں درج کر لیا ہے۔

مدعی مقدمہ کے مطابق دلہا جہانزیب کی بارات11 ستمبر کو روانہ ہونی تھی، تاہم وہ شام 6 بجے موٹر سائیکل پر دلہا بننے کی تیاری کیلئے قریبی سیلون گیا اور واپس نہیں آیا، جہانزیب کا موبائل فون گھر پر ہی رہ گیا تھا، جو اس نے جانے سے قبل تقریباً 5 بجے چھوڑا تھا۔

جہانزیب کے بھائی نے پولیس کو بتایا کہ شام ساڑھے 7 بجے سیلون سے دوسرے بیٹے کو فون کال موصول ہوئی، جس میں بتایا گیا کہ جہانزیب سیلون نہیں پہنچا، اس پر اہل خانہ کو سخت تشویش لاحق ہوئی۔

دلہے کے والد کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، والد کا دعویٰ ہے کہ ان کے بیٹے کو اغواء کیا گیا ہے، جہانزیب ایک نجی فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا اور بارات والے دن تک سب کچھ معمول کے مطابق تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور مغوی دلہا کی تلاش کیلئے کوششیں جاری ہیں۔

اہلخانہ نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ واقعے کا نوٹس لیکر جلد از جلد دلہے کو بازیاب کرایا جائے۔