پشاور: (ویب ڈیسک) پشاور میں رشتے کے تنازع پر چچا نے 17 سالہ بھتیجی کو قتل کردیا۔
مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پشاور کے تھانہ چمکنی کی حدود میں گھر کے اندر فائرنگ کرکے چچا نے بھتیجی کو موت کے گھاٹ اتارا، مقتولہ کے والد محمد عیسیٰ نے پولیس میں رپورٹ درج کرا دی۔
محمد عیسیٰ نے رپورٹ میں مؤقف اختیار کیا کہ وہ غریب آباد میں اپنے گھر پر موجود تھے کہ اس دوران بھائی نے گھر میں داخل ہوکر رشتے کے تنازع پر بیٹی ماہ نور پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر جاں بحق ہوگئی۔
درخواست گزار نے اپنے بھائی عظیم اللہ کو ایف آئی آر میں نامزد کیا اور بتایا کہ بیٹی کو سر پر قریب سے گولی مار کر قتل کیا گیا، واردات کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لئے جبکہ لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا۔
پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار کارروائیاں شروع کردیں۔