کراچی: (دنیا نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں 9 کامیاب کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 115 کلو گرام منشیات برآمد کر لیں جبکہ 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق کارروائیاں اٹک، اسلام آباد، فیصل آباد، کراچی، حیدرآباد اور پشین میں کی گئیں، برآمد شدہ منشیات میں 86 کلوگرام ہیروئن، 15 کلوگرام چرس، 13.5 کلوگرام پوپی کا بھوسہ اور 300 گرام آئس شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں نشہ آور گولیاں بھی برآمد کی گئیں، جن میں 105,000 ٹراماڈول گولیاں، 7,500 زینیکس گولیاں، 17,000 والیم گولیاں، 290 الپرازولم، 400 ریوٹریل، 400 لیکسوٹینل اور 150 والیم گولیاں شامل ہیں، جن کا کل وزن 383 گرام ہے۔
ترجمان اے این ایف کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان نے دورانِ تفتیش تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فراہم کرنے کا اعتراف کیا ہے، تمام کارروائیوں کے تحت انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔