اے این ایف کی کارروائیاں، 91 کلو سے زائد منشیات برآمد، 10 ملزم گرفتار

Published On 27 September,2025 10:24 am

کراچی: (شہباز خان) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں 6 کامیاب کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرکے 5 خواتین سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائیاں ہری پور، اسلام آباد، گجرات، ملتان اور منڈی بہاؤالدین میں کی گئیں جن کے دوران مجموعی طور پر 91.886 کلوگرام منشیات برآمد ہوئیں، برآمدگی میں 65 کلو 100 گرام چرس، 18.6 کلوگرام افیون اور 7 کلو 260 گرام آئس شامل ہیں۔

مزید برآں کارروائی میں 706 گرام وزنی 99 ہیروئن بھرے کیپسولز اور 220 گرام وزنی 33 کوکین بھرے کیپسولز بھی پکڑے گئے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں سے ایک نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے، تمام گرفتار افراد کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔