خود کو مارشل آرٹس کے کھلاڑی ظاہر کر کے روس جانے کی کوشش کرنیوالے 5 ملزمان گرفتار

Published On 26 September,2025 12:53 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن ٹیم نے خود کو مارشل آرٹس کے کھلاڑی ظاہر کر کے غیر قانونی طور پر روس جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق امیگریشن ٹیم نے فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے 5 افراد کو گرفتار کر لیا، گرفتار افراد کی شناخت اقبال، وہاب، شاہزیب، سمیع اللہ اور سلیمان کے ناموں سے ہوئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ تمام افراد خود کو بین الاقوامی مارشل آرٹس ایونٹ کے شرکاء ظاہر کر کے روس جانے کی کوشش کر رہے تھے، گرفتار ملزمان دوران تفتیش مارشل آرٹس ایونٹ سے متعلق مناسب جواب نہ دے پائے۔

ترجمان کے مطابق ایف آئی اے نے پانچوں افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔