کراچی: بینکوں سے رقم نکالنے والے شہریوں کو لوٹنے والے 3 ملزم گرفتار

Published On 26 September,2025 06:46 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں رات گئے پولیس مقابلے کے دوران 2 زخمیوں سمیت 3 ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ پاک کالونی پرانا گولیمار میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، گرفتار ملزموں میں سلیمان، شعیب اور لقمان شامل ہیں، گرفتار ملزموں سے اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمد کر لی گئی۔

پولیس حکام نے دعویٰ کیا کہ گرفتار ملزم بینکوں سے رقم نکالنے والے شہریوں کو لوٹنے میں ملوث ہیں، گرفتار ملزمان کے گروہ نے 10 روز قبل سعید آباد کے علاقے میں شہری سے 3 لاکھ روپے لوٹے تھے۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی جبکہ ان کے ساتھیوں کو پکڑنے کیلئے بھی چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔