پشاور: (دنیا نیوز) پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک مسافر سے جوتوں اور چپلوں میں چھپائی گئی 688 گرام ہیروئن برآمد کرلی۔
ترجمان اے ایس ایف کے مطابق ماہر اہلکاروں نے معمول کی چیکنگ کے دوران ایک مسافر کی پروفائلنگ کی جس کے بعد اس کے پہنے ہوئے جوتے مشکوک قرار دیئے گئے، فوری سکریننگ پر جوتوں کے تلوؤں سے 485 گرام آئس ہیروئن برآمد ہوئی۔
تلاشی کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے جب مسافر کے بیگ کی تفتیش کی گئی تو اس میں رکھی ایک جوڑی چپلوں سے مزید 203 گرام ہیروئن پاؤڈر بھی برآمد کیا گیا۔
یوں مجموعی طور پر 688 گرام منشیات برآمد کرکے منشیات سمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنادی گئی، ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد منشیات سمیت اینٹی نارکوٹکس فورس (ANF) کے حوالے کر دیا گیا ہے جہاں مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔