کراچی: (دنیا نیوز) کراچی پولیس نے لاہور اور فیصل آباد سے اغوا کی گئی 2 لڑکیوں کو بردہ فروش گروہ سے بچالیا۔
کراچی ایئر پورٹ کے قریب 19 سالہ طیبہ اور 17 سالہ حمیرا بھاگتی ہوئی ایس ایس یو کے جوانوں کے پاس آئیں اور بتایا کہ ایک شخص انہیں فروخت کرنے جا رہا ہے، اہلکاروں نے لڑکیوں کو حفاظتی تحویل میں لے کر مددگار ون فائیو کو کال کی، جس کے بعد تھانے منتقل کردیا گیا۔
عائشہ نامی خاتون دونوں لڑکیوں کو پنجاب سے نوکری کا جھانسہ دے کر کراچی لائی تھی، خاتون نے لڑکیوں کو کسی اور شخص کے حوالے کر دیا جو انہیں فروخت کرنا چاہتا تھا، اس دوران موقع ملتے ہی لڑکیوں نے پولیس سے مدد مانگ لی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں لڑکیاں 10 ماہ سے ملزم رفیع کے پاس تھیں، جو مبینہ طور پر انہیں جسم فروشی پر مجبور کرتا تھا، لڑکیوں کے مطابق عائشہ نامی عورت نوکری کا جھانسہ دے کر کراچی لائی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں لڑکیوں کے اغوا کے مقدمات لاہور اور فیصل آباد میں درج ہیں، مددگار 15 نے فوری لڑکیوں کے ورثا سے اوکاڑہ اور فیصل آباد میں رابطہ کرلیا ہے۔
متاثرہ لڑکیوں کا کہنا ہے کہ ہم اپنے والدین کے پاس واپس جانا چاہتی ہیں، حمیرا کے اغوا کا مقدمہ تھانہ کوٹ لکھپت لاہور میں درج ہے، جب کہ طیبہ کی ایف آئی آر تھانہ روشن والا فیصل آباد میں درج ہے۔