نارنگ منڈی میں مبینہ پولیس مقابلہ، 5 ڈاکو ہلاک، 2 فرار

Published On 30 September,2025 09:35 am

نارنگ منڈی: (دنیا نیوز) مریدکے ناروال روڈ پر سی سی ڈی پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلے میں 5 ڈاکو مارے گئے جبکہ دو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس کے مطابق 7 ڈاکو تین موٹرسائیکلوں پر سوار ہو کر کرتو سٹاپ کے قریب لوٹ مار میں مصروف تھے کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی۔

ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کر دی جس کے جواب میں پولیس کی فائرنگ سے 5 ڈاکو موقع پر ہلاک ہو گئے جبکہ ان کے دو ساتھی فرار ہو گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مارے گئے ڈاکو چند روز قبل اسی مقام پر ڈکیتی مزاحمت کے دوران ایک خاتون کو قتل اور اس کے شوہر کو زخمی کر چکے تھے۔

ترجمان پولیس نے بتایا ہے کہ ہلاک ڈاکوؤں کی لاشیں ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں جہاں ان کی شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ فرار ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔