کراچی: (دنیا نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں 11 کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 26.577 کلوگرام منشیات برآمد کر لیں جبکہ 11 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائیاں ملتان، مانسہرہ، اسلام آباد، اٹک، پشاور، راولپنڈی اور قصور میں کی گئیں، کارروائیوں کے دوران 13 کلو 95 گرام ہیروئن، 9 کلو 966 گرام آئس، 3 کلو 428 گرام چرس اور 183 گرام ویڈ برآمد کی گئی۔
اے این ایف کے ترجمان کے مطابق ایک کارروائی میں ملزم کے پیٹ سے 180 گرام وزنی 38 آئس بھرے کیپسولز بھی برآمد کیے گئے جبکہ ایک مقام سے کواڈ کاپٹر، 6 بیٹریز، 2 ڈیوائسز اور ایک چارجر بھی قبضے میں لیا گیا۔
ترجمان اے این ایف نے بتایا ہے کہ گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا، تمام کارروائیاں انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت کی گئیں۔



