اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت کے علاقے آئی 9 کے ایس پی عدیل اکبر نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔
پولیس ذرائع کے مطابق ایس پی عدیل اکبر نے سرینہ چوک کے قریب اپنے گن مین سے پستول چھین کر خود کو گولی مار لی تھی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے تھے، واقعے کے فوری بعد انہیں تشویشناک حالت میں پمز ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔
پولیس حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں جبکہ ایس پی عدیل اکبر کے گن مین اور موقع پر موجود دیگر اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایک فون کال سننے کے بعد ایس پی آئی نائن عدیل اکبر نے خود کو سینے پر پستول سے گولی ماری، ایس پی آئی نائن عدیل اکبر کو آخری کال کس کی آئی؟ اس حوالے سے اعلیٰ سطح پر تحقیقات جاری ہیں جبکہ ایس پی کے موبائل فون کا ڈیٹا حاصل کیا جارہا ہے۔



