کراچی ایئرپورٹ پر کروڑوں روپے کی منشیات پاکستان سمگل کرنے کی کوششیں ناکام

Published On 28 October,2025 04:39 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان کسٹمز نے کراچی ایئرپورٹ پر کروڑوں روپے کی منشیات پاکستان سمگل کرنے کی کوششیں ناکام بنا دیں۔

ایف بی آر کے مطابق تھائی لینڈ سے آنے والے پارسل میں 5 کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کی 1.69 کلو گرام چرس برآمد ہوئی۔

بیلجیئم سے آنے والے پارسل میں 6 کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کی MDMA (Ecstasy) کی 1,945 گولیاں برآمد ہوئیں، نشہ آور گولیاں ویکیوم کلینر“Vacuum Cleaner” کے پارسل میں چھپائی گئی تھیں۔

ایف بی آر کے مطابق دنیا بھر میں ای۔کامرس کے بڑھتے ہوئے رجحان کے باعث سرحد پار سامان کی ترسیل میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

ڈاک کے نظام کو مجرمانہ نیٹ ورکس (Networks) کی جانب سے منشیات کی سمگلنگ کے لیے استعمال کرنے کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔

ایف بی آر کے مطابق پاکستان کسٹمز کی مؤثرنگرانی کے نتیجے میں بڑی مقدار میں غیر قانونی منشیات لوگوں تک پہنچنے سے پہلے پکڑی جا رہی ہیں۔

پاکستان کسٹمز انٹرنیشنل میل سمیت تمام ممکنہ ذرائع سے منشیات کی سمگلنگ کے خلاف کڑی نگرانی جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔