کراچی: مبینہ پولیس مقابلوں کے بعد 5 ملزم گرفتار، اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد

Published On 08 November,2025 08:40 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 3 زخمیوں سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، چھینا ہوا سامان اور مسروقہ موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی گئیں۔

پولیس کے مطابق میمن گوٹھ میں پولیس اور سٹریٹ کرمنلز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور چھینی گئی رقم برآمد کی گئی ہے۔

سکھن پولیس نے مبینہ مقابلے کے دوران ایک زخمی سمیت دو ملزمان کو دھر لیا، گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، چھینے گئے موبائل فونز اور ایک موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔

اسی طرح جیکسن پولیس نے سکندر آباد چوکی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ایک زخمی سمیت دو ملزمان کو گرفتار کیا اور ان سے اسلحہ، موبائل فونز، نقد رقم اور مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کیں۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان ڈکیتی، سٹریٹ کرائم اور موٹر سائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں، تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔