مظفرگڑھ: (دنیا نیوز) سینئر سول جج نے پیرا فورس کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کو ہتھکڑیاں لگوا کر جیل بھیج دیا۔
عدالتی ذرائع کے مطابق سینئر سول جج صاحب گل خان بلوچ کی عدالت میں وارنٹِ دخل کیس کی سماعت ہوئی، اقبال بیگم نامی خاتون نے اپنے بھائیوں سے قبضہ واپس لینے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کر رکھی تھی۔
پیرافورس کے سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر کو متعدد نوٹسز کے باوجود عدالت میں پیش نہ ہونے پر طلب کیا گیا، عدالت نے صبح ہی پیرافورس آفیسر کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
آفیسر محمد خورشید آج عدالت میں پیش ہوئے، پیرافورس کے اہلکاروں نے عدالت کے باہر بدزبانی کی، اہلکاروں نے آفیسر کو عدالتی تحویل سے بھگانے کی بھی کوشش کی۔
جج گل خان بلوچ نے آفیسر محمد خورشید کو گرفتار کروا کر جیل بھجوا دیا، بعدازاں عدالت نے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض رہائی کا حکم دیا۔



