کراچی: (دنیا نیوز) ملک بھر میں انسداد سمگلنگ آپریشن کے دوران 5 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کر لی گئیں۔
ترجمان کے مطابق اے این ایف کا ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور اس دوران تین کارروائیوں میں 3 ملزمان کو گرفتار کر کے 5 کروڑ 13 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 249.31 کلوگرام منشیات برآمد کر لی گئی ہیں۔
موٹروے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب گاڑی سے 29 کلوگرام ہیروئن برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، اسی طرح موٹر وے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب ایک اور کارروائی میں مسافر کے سامان میں موجود جوتوں سے 8.5 کلوگرام چرس برآمد ہوئی ہے۔
ادھر شاکس ضلع خیبر میں انٹیلی جنس بیس کارروائی میں 11 پولی تھین بیگوں میں چھپائی گئی 211.812 کلوگرام چرس برآمد کر لی گئی، تمام کارروائیوں کے انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔



