20 کلو سونا فراڈ کیس: مرکزی ملزم کا بیرون ملک سفری ریکارڈ دنیا نیوز کو موصول

Published On 13 December,2025 06:08 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی تاریخ میں سب سے بڑے 20 کلو سونا فراڈ کیس کے مرکزی ملزم شیخ وسیم اختر کا سال 2025 کا بیرون ملک ٹریول ریکارڈ دنیا نیوز کو موصول ہو گیا۔

اچھرہ لطیف جیولری مارکیٹ کا تاجر شیخ وسیم دیگر دکانداروں کا امانتاً رکھوایا گیا، 20 کلو سے زائد سونا اور 60 لاکھ روپے کمیٹی لے کر 4 دسمبر 2025 سے غائب ہوگیا تھا۔

ٹریول ہسٹری کے مطابق سونا خوردبرد کیس کا مرکزی ملزم شیخ وسیم اختر 20 فروری سال 2025 کو لاہور سے سعودی عرب روانہ ہوا۔

یکم مارچ 2025 کو مرکزی ملزم واپس سعودی عرب سے لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ کیا جبکہ 8 نومبر 2025 کو لاہور سے ملائیشیا روانہ ہوا اور 16 نومبر 2025 کو واپس ملائیشیا سے پاکستان لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔

ذرائع کے مطابق اچھرہ لطیف جیولری مارکیٹ کا مرکزی ملزم شیخ وسیم دوبارہ بذریعہ کسی بھی ایئرپورٹ سے بیرون ملک فرار نہیں ہوا۔

باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ اچھرہ 20 کلو سونا فراڈ کیس کا مرکزی ملزم کراچی سے بذریعہ سمندری راستے دبئی روانہ ہو سکتا ہے۔