سلمان خان آج رات بھی جیل میں گزاریں گے

Last Updated On 06 April,2018 11:35 am

باون سالہ اداکار نے رات کو جیل کا کھانا کھانے سے انکار کر دیا، سزا کی صورت میں بالی ووڈ انڈسٹری کو چھ سو کروڑ کا نقصان ہوگا

لاہور (دنیا نیوز ) بالی وڈ کا ٹائیگر ہرن کا شکار کر کے پھنس گیا، آج رات بھی جیل میں ہی گزارنا ہو گی، جودھ پور کی سیشنز کورٹ نے سلمان خان کی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ کل تک محفوظ کرلیا۔ سلمان خان جودھ پورجیل کے قیدی نمبر ایک سو چھ بن گئے۔

جودھ پورکی عدالت نے اداکارکی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ کل تک محفوظ کرلیا۔ دبنگ ہیرو کو آج کی رات بھی جیل میں گزارنا پڑے گی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق باون سالہ اداکار کو گزشتہ رات دال روٹی دی گئی جو انہوں نے کھانے سے انکار کر دیا۔ صبح سلمان خان نے جیل کا روایتی ناشتہ کھچڑی کھایا۔ سلمان کو سزا پر جیا بچن، ارجن رام پال، سبھاش گھئی سمیت دیگر فنکاروں نے مایوسی کا اظہار کیا۔

فلمی پنڈتوں کا کہنا ہے اداکار کو سزا کی صورت میں بالی وڈ کو چھ سو کروڑ کا نقصان ہوگا۔ سلمان خان کو انیس سو اٹھانوے میں فلم "ہم ساتھ ساتھ ہیں" کی شوٹنگ کے دوران کالے ہرن کا شکار کرنے پر پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔