8 سال ممبئی میں گزارے لیکن مسلمان ہونے کیوجہ سے گھر نہ ملا، شیریں مرزا

Last Updated On 06 April,2018 05:37 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی ٹی وی کے مقبول ترین ڈرامے’’یہ ہیں محبتیں‘‘کی نامور اداکارہ شیریں مرزا (سیمی)نے بھارت کا متعصبانہ چہرہ دنیا کے سامنے لاتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں مسلمان ہونے کی سزا دی جا رہی ہے۔

بھارتی ٹی وی کی نامور اداکارہ شیریں نے کہا کہ میں جب ممبئی میں بروکرز سے گھر کے حوالے سے بات کرتی ہوں تو وہ مجھے غیرشادی شدہ اور مسلمان ہونے کی بنیاد پر اتنے مہنگے گھر دکھاتے ہیں جو میری قوت خرید سے باہر ہوتے ہیں۔

شیریں نے فیس بک پر ممبئی میں گزارے گئے 8 سالوں کا برا تجربہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ میں گزشتہ 8 سال سے ممبئی میں رہائش پزیر ہوں لیکن آج تک اپنا گھر نہیں لے سکی کیونکہ میں مسلمان ہوں ۔شیریں کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس حوالے سے جب میں نے کچھ لوگوں سے بات کی تو ان کا کہنا تھا کہ یہاں مسلمانوں کو گھر ملنا بے حد مشکل ہے۔ جب کہ مجھے یہ مشورہ بھی دیا گیا کہ اپنی کسی دوست کے نام سے گھر لے لوں، لیکن خیال رکھنا وہ دوست بھی مسلمان نہیں بلکہ ہندو ہو۔