سال 2018ء میں کون سی فلموں نے ایک ارب سے زائد کمائی کی، کن اداکاروں کی شادی ہوئی اور کن کا تعلق ٹوٹ گیا، می ٹو مہم میں کس کس کا نام سامنے آیا۔
2018ء ہالی وڈ کے لیے بھی ہلچل سے بھرپور سال رہا، چار فلمیں 1 ارب سے زائد کا بزنس کرنے میں کامیاب رہیں، جن میں "ایونجرز:انفنٹی وارز" ارب4 کروڑ ڈالر سے زائد کما کر باکس آفس پر نمبر ون پوزیشن پر رہی۔
بلیک پینتھر سال 2018 میں بزنس کرنے والی دوسری بڑی فلم بن گئی، سیاہ فام سپر ہیرو کی فلم نے دنیا بھر سے 1 ارب 34 کروڑ ڈالر سے زائد کا بزنس کیا۔
جراسک ورلڈ ٹو ایک ارب 30 کروڑسے زائد کا بزنس کر کے باکس آفس پر تیسرے نمبر پر رہی۔
ایک ارب 24 کروڑ ڈالر سے زائد رقم کما کر انکریڈبلز ٹو ایک ارب کلب میں شامل ہونے والی آخری فلم بن گئی۔
2018ء میں فلمی دنیا سے منسلک کچھ افراد دنیائے فانی سے کوچ کرگئے، دی لاسٹ ایمپرر جیسی فلمیں بنانے والے اٹالین فلم میکر "برنارڈو" 77 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
47 سالہ ماڈل و اداکارہ کِم پورٹر 15 نومبر کو یہ دنیا چھوڑ کرچلی گئیں،
کیتھرین میک گروگر 93 برس کی عمر میں 13 نومبر کو انتقال کرگئیں۔ ان سب کے علاوہ ایک طویل فہرست ایسی ہے جو اب اس دنیا میں نہیں رہے۔
سال 2018ء میں کئی فلمی ستارے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے، شادی کی سب سے بڑی خبرسابق امریکی اداکارہ میگھن مارکل کی طرف سے آئی جن کی شادی مئی میں برطانوی شہزادہ ہیری سے ہوئی۔
ستمبر میں پاپ سنگر جسٹن بیبر نے ماڈل ہیلے بالڈون سے بیاہ رچا لیا، پریانکا چوپڑا اور نِک جونس نے اگست میں منگنی کی اور دسمبر کے شروع میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
2018ء میں کچھ دلخراش واقعات بھی رونما ہوئے، ہالی وڈ سٹارزانجیلا جولی اور بریڈپٹ میں علیحدگی ہو گئی، دونوں کے 6 بچے بھی تھے۔
ایک اور امریکی ادکارہ جینیفر اینسٹن نے اپنے شوہر جسٹن تھروکس سے ناتا توڑ لیا، دونوں کی شادی اگست 2015ء میں ہوئی تھی۔
سوشل میڈیا سے شروع ہونے والی مہم "می ٹو" کو2018ء میں عالمی پزیرائی ملی، دنیا بھر سے خواتین نے جنسی تشدد کے خلاف اپنی آواز بلند کی تو فلم انڈسٹری سے کئی چہرے بے نقاب ہوئے،81 سالہ امریکی کامیڈین "بِل کوسبی" بھی می ٹومہم کی وجہ سے ہی جیل کاٹ رہے ہیں جبکہ66 سالہ امریکی پروڈیوسر "ہاروی وائن سٹین" عدالتی ٹرائل کے انتظار میں ہیں۔
بریٹ ریٹنر کو بھی می ٹو کی وجہ سے ہی وارنر برادرز چھوڑنا پڑا، خواتین پر جنسی تشدد کے خلاف فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی 82 خواتین کینز فلم فیسٹول سے احتجاجاً واک آوٹ کر گئیں۔