لاہور: (روزنامہ دنیا) ممتاز ہدایتکار سید نور نے ایران کے ساتھ مشترکہ فلمسازی کے تحت فلم بنانے کا اعلان کر دیا۔
اس حوالے انہوں نے گزشتہ روز مقامی کلب میں پریس کانفرنس کا اہتمام کیا جس میں ایرانی اداکار آغائے مہدی ناد علی اور پاکستانی نژاد ایرانی بزنس مین فاروق مغل نے شرکت کی۔
سید نور کا کہنا تھا کہ فلم میں پاکستانی اور ایرانی فنکار اداکاری کے جوہر دکھائیں گے جس کی شوٹنگ پاکستان، ایران اور ترکی میں ہوگی، صائمہ بھی اس فلم میں اپنی اداکاری کا جادو جگائیں گی۔ فلم کا مصنف اور ہدایتکار میں ہوں اور اسے فاروق مغل پروڈیوس کرینگے۔