خلیل الرحمن اور ماروی سرمد کا جھگڑا، دیگر فنکار بھی کود پڑے

Last Updated On 06 March,2020 09:37 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) مصنف خلیل الرحمن قمر اور سماجی خاتون کارکن ماروی سرمد کے جھگڑے کے بعد ہر کوئی اپنے خیالات کے اظہار میں مصروف ہے، ایسے میں اداکارہ ریشم نے خلیل الرحمن کو تنقید کا نشانہ بنا دیا جبکہ گلوکارہ رابی پیرزادہ نے میرا جسم، میرے اللہ کی مرضی کا پیغام دیا ہے۔ شہزاد رائے اور ماہرہ خان نے بھی اپنی رائے کا اظہار کیا جبکہ خلیل الرحمن قمر نے کہا ہے کہ میں عورتوں کے حقوق کا سب سے بڑا علمبردار ہوں۔

تفصیلات کے مطابق اداکارہ ریشم نے ایک ٹی وی پروگرام میں اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو ٹکے کا ڈائیلاگ لکھنے والا خلیل الرحمن قمر آج ایک ٹکے کا بھی نہیں رہا بلکہ انہوں نے مردوں کے سر شرم سے جھکا دئیے ہیں۔

رابی پیرزادہ نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ  میرا جسم، میرے اللہ کی مرضی، یہ میں نے ناصرف کہا بلکہ کر کے دکھایا۔ دولت، شہرت، پیسہ سب چھوڑ دیا کیونکہ اللہ راضی تو آخرت جنت، مگر خلیل صاحب ایک مرد عورت کو گالیاں دیتے اچھا نہیں لگتا بلکہ وہ مرد نہیں ہے اور جو عورت اپنے جسم کو اللہ کی مرضی سے آزاد کر دے وہ عورت نہیں۔

گلوکار شہزاد رائے نے کہا ہے کہ بچوں پر تشدد کے خاتمے سے متعلق بل اب قومی اسمبلی میں چلا جائیگا، قانون جلد آئیگا، یہ بات صرف خواتین اور مردوں تک محدود نہیں۔

اداکارہ ماہرہ خان نے کہا کہ ہمیں اپنے لئے نہیں محروم لوگوں کیلئے مارچ کرنا چاہئے، ہم ایسے پوسٹرز کیوں اٹھاتے ہیں جو صرف اشتعال کا باعث بنتے ہیں۔ خلیل الرحمن قمر نے کہا کہ وہ عورتوں کے حقوق کا سب سے بڑے حامی ہیں تاہم ماروی سرمد کو گالی کا جواب گالی میں دیا۔