لاہور: (دیب ڈیسک) بالی ووڈ کے معروف بھارتی کامیڈین کپل شرما اور جونی لیور نے پاکستانی 'کنگ آف کامیڈی' امان اللہ خان کے انتقال پر گہرے غم و دکھ کا اظہار کیا ہے۔
کپل شرما نے اپنے ٹویٹر پیغام میں امان اللہ کی تعریف کی اور کہا وہ نہ صرف ایک بہترین فنکار تھے، بلکہ ایک لیجنڈ تھے، بڑے دل کے ساتھ ایک ایسا شخص جس نے بہت سے فنکاروں کو اپنے خوابوں کو پورا کرنے کا موقع فراہم کیا ۔
کپل شرما کا کہنا تھا خان صاحب کبھی بھی کوئی آپ کی جگہ نہیں بھر سکتا، ہم آپ کو یاد کریں گے ۔ یہاں یہ واضح رہے کہ ایک بار کپل شرما نے کہا تھا کہ امان اللہ خان ان کے پسندیدہ پاکستانی مزاح نگار تھے۔
ادھر ایک پاکستانی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے جونی لیور نے بھی امان اللہ کی موت پر دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے ان کی تعریف بھی کی اور کہا کہ وہ اکثر فون کے ذریعے رابطہ کرتے تھے۔
خیال رہے پاکستانی سٹیج انڈسٹری کے کنگ آف کامیڈی امان اللہ گزشتہ روز 70 سال کی عمر میں انتقال کر گئے، کنگ آف کامیڈی امان اللہ طویل عرصہ دنیا نیوز سے وابستہ رہے۔
ان کے معروف سٹیج ڈراموں میں شرطیہ مٹھے، بیگم ڈش انٹینا شامل ہیں، امان اللہ نے فلم ون ٹو کا ون اور نامعلوم افراد میں بھی جوہر دکھائے، ان کو 2018 میں پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا۔
واضح رہے امان اللہ 1950 کو لاہور میں پیدا ہوئے، وہ پاکستانی سٹیج کے ایک مشہور و معروف مزاحیہ اداکار ہیں جو سٹیج کے سب سے پرانے اداکاروں میں سے ایک تھے۔