نیو یارک: (ویب ڈیسک) جیمز بانڈ کی فلم سیریز ‘کوانٹم آف سولس’ کی ہیروئن اور خوبرو اداکارہ اولگا کوریلینکو میں بھی کرنا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چین سے شروع ہونے والی وبا نے ساری دنیا کو اپنی گرفت میں لے لیا ہے، ہلاکت خیز وائرس دنیا بھر میں ہزاروں لوگوں کی جان لے چکا ہے، جہاں وائرس نے عام شہریوں اور سیاست دانوں کو متاثر کیا وہیں وائرس نے ہالی ووڈ فلم انڈسٹری کی نامور شخصیات کو بھی متاثر کرنا شروع کردیا ہے۔
کرونا وائرس سے یوکرین کی معروف اداکارہ اولگا کوریلینکو بھی متاثر ہوئی ہیں، اولگا نے مہلک ترین وائرس کوویڈ 19 میں مبتلا ہونے سے متعلق اعلان انسٹاگرام پر کیا۔
خوبرو اداکارہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر لکھا کہ کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آنے کے بعد میں نے خود کو گھر میں (قرنطینہ) محصور کرلیا ہے۔
اولگا نے بتایا کہ میں گزشتہ ایک ہفتے سے بیمار تھی اور مجھ میں وائرس کی علامات بخار اور تھکن بھی ظاہر ہورہی تھی جس کے باعث میں نے ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا جو مثبت آیا۔
40 سالہ اداکارہ اولگا کوریلینکو 2008 میں ریلیز ہونے والے جیمز بانڈ فلم کی سیریز کوانٹم سولس میں اپنے فن کا مظاہرہ کرچکی ہیں اس کے علاوہ انہوں نے میجک سٹی اور کئی ترکش ڈراموں اور فلموں میں بھی کام کیا ہے۔
یاد رہے کہ یوکرینی نژاد اداکارہ سے قبل معروف برطانوی اداکار ادریس البا میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ مشہور امریکی فلمی جوڑے ٹام ہینکس اور اہلیہ ریٹا ولسن بھی کرونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔