لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے مشہور گلوکار علی ظفر کا کہنا ہے کہ ملک میں بڑھتا ہوا کرونا وائرس ایک سنجیدہ مسئلہ ہے، ہمیں لاک ڈاؤن پر جانا چاہئے۔
تفصیلات کے مطابق معروف پاکستانی گلوکار علی ظفر نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کے پیش نظر پاکستانی حکومت کی جانب سے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، عوام کو بھی ابھی سے احتیاط کرنی چاہئے ورنہ صورتحال خطرناک ہوگی۔
علی ظفر کا کہنا تھا کہ حکومت کو عوام کے لیے سٹریٹیجی بنانی چاہئے، کچھ دن پہلے کرونا وائرس سے متعلق ایک گانا بنایا ہے کو کرونا، ہلکے انداز میں لوگوں کو آگاہی دینے کے لیے اپنے طور پر حصہ ڈالا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کو لوگ سنجیدہ نہیں لے رہے جس پر حیران و پریشان ہوں، کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے، میری رائے ہے کہ کل سے نہیں آج سے ہی لاک ڈاؤن کردینا چاہئے۔
گلوکار علی ظفر کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں 10 دن کے لیے لاک ڈاؤن کرنا چاہئے، اٹلی میں بھی سنجیدگی نہیں دکھائی گئی تھی جس کا نقصان دیکھ لیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل علی ظفر نے کرونا وائرس کے خطرے اور احتیاطی تدابیر سے متعلق گانے کی ویڈیو شیئر کی تھی جس میں وہ گٹار بجا کر گنگنا رہے تھے۔
علی ظفر نے گانے کے آخر میں پیغام دیا تھا کہ اپنا خیال رکھیں اور حفاظت کریں، اس گانے کو شیئر بھی کریں۔