لاہور: (روزنامہ دنیا) اداکار احسن خان نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں شاعرانہ انداز اپنا لیا، کہتے ہیں شاید لوگوں کو کوئی زبان، کوئی انداز بھا جائے اور وہ اپنی اصلاح کر لیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق احسن خان نے کورونا کے پیش نظر پیدا ہونے والی مشکل صورتحال میں کلام پیش کیا ہے۔ احسن خان نے پنجابی میں کلام پڑھا، اٹھ بندیا ڈا مصلیٰ تے راضی کر لے اپنا اللہ۔ احسن خان کا کہنا ہے کہ اس کلام میں نہ صرف اللہ کو راضی کرنے کا پیغام دیا جا رہا ہے بلکہ یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ ہاتھوں کی صفائی کے ساتھ ساتھ دل کا صاف ہونا بھی بہت ضروری ہے۔
احسن خان نے بتایا کہ صدیوں قبل لکھا گیا یہ کلام آج کی صورتحال کی عکاسی کر رہا ہے۔ واضح رہے ماہرہ خان اور منشا پاشا سمیت دیگر شوبز شخصیات بھی کورونا کے خلاف عوام میں آگہی پیدا کرنے کی مہم میں شریک ہیں۔