'نشتر ہسپتال ملتان میں تمام سہولتیں موجود، کوئی وینٹی لیٹر دوسری جگہ نہیں بھجوایا'

Last Updated On 21 April,2020 02:09 pm

ملتان: (دنیا نیوز) ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ نشتر ہسپتال ملتان میں تمام سہولتیں موجود ہیں، کوئی وینٹی لیٹر کسی دوسری جگہ نہیں بھجوایا گیا، جی ٹی روڈ کے اطراف کے اضلاع کورونا سے زیادہ متاثر ہوئے، ان اضلاع میں لوگ زیادہ تر بیرون ممالک سے آئے، کچھ شہروں میں لوکل ٹرانسمیشن سے وائرس پھیلا۔

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا لاہور میں مجموعی طور پر 12 ہزار ٹیسٹ کیے گئے، پنجاب کے مریضوں میں 90 فیصد معمولی نوعیت کے ہیں، شرح اموات تقریباً 1.9 فیصد ہے، دنیا کے طاقتور ملک بھی سب لوگوں کے ٹیسٹ نہیں کرسکتے، بھارت، سری لنکا، بنگلادیش کے مقابلے میں زیادہ ٹیسٹ کر رہے ہیں، پنجاب میں 10 نئے فیلڈ ہسپتال فعال کر دیئے گئے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا نشتر ہسپتال ملتان میں کورونا کے 47 مریض زیر علاج ہیں، گجرات میں کورونا کے 164 مریض ہیں، کورونا سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، نشتر ہسپتال میں 26 ڈاکٹرز کا ٹیسٹ منفی آچکا، صوبہ بھر میں 12 ہزار افراد قرنطینہ سینٹرز میں موجود ہیں، طیب اردگان ہسپتال کے پاس 35 وینٹی لیٹر موجود ہیں۔

وزیر صحت پنجاب نے کہا ٹیسٹنگ کی صلاحیت کو بتدریج بڑھا رہے ہیں، این 95 ماسک ایک ہفتہ تک استعمال کیا جاسکتا ہے، اس ہفتے کے آخر تک روزانہ 5 ہزار ٹیسٹ کی صلاحیت ہو جائے گی، پنجاب میں 140 چھوٹے بڑے علاقوں میں مکمل لاک ڈاؤن کیا ہوا ہے، کورونا وائرس کے 19 مریضوں کی حالت نازک ہے۔