لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے لاک ڈاون کے خاتمے کے لیے تاجروں کی درخواست خارج کر دی۔ عدالت نے انجمن تاجران کے سیکرٹری نعیم میر کو 50 ہزار روپے جرمانہ کرتے ہوئے رقم ان لینڈ ریونیو ایکٹ کے تحت وصول کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ نے انجمن تاجران کے مرکزی سیکرٹری جنرل نعیم میر کی درخواست پر سماعت کی۔ چیف جسٹس قاسم خان نے ریمارکس دیئے کہ لاک ڈاون برقرار رکھنا ہے یا ختم کرنا یہ حکومتی پالیسی ہے، سستی شہرت کے لیے عدالتوں میں درخواستیں دائر کی جاتیں ہیں، غیر ضروری اور سستی شہرت کے لیے درخواستیں دائر کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی، عدالتی وقت ضیاع کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دیں گے، کرونا کے باعث ہزاروں لوگوں کی زندگیاں ختم ہوں گی تو تب سمجھ آئے گی، کورونا وائرس سے پوری دنیا درہم برہم ہوچکی ہے۔
درخواستگزار نے موقف اپنایا کہ کروانا وائرس کی وجہ سے ملک میں لاک ڈوان ہے، اس کی وجہ سے صوبائی اور مرکزی ادارے بند ہیں، وائرس کی وجہ سے تمام مکاتب فکر کے لوگ متاثر ہوئے، کورونا سے تاجر طبقہ بھی بری طرح متاثر ہوا، وزیر اعظم ریلف فنڈز کی وجہ سے غریب طبقہ کے لوگوں کو فی کس 12 ہزار دیا جا رہا ہے، ریلف فنڈز میں متاثر ہونے والے تاجروں کو محروم رکھا گیا ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ وزیراعظم ریلف فنڈز کی رقم تاجروں کو بھی دینے کا حکم دیا جائے۔