لاہور: (روزنامہ دنیا) گلوکار بلال مقصود نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں تجویز دی ہے کہ قرآنی آیات، سورتوں اور دعاؤں کی ویڈیو کے درمیان اشتہارات نہیں چلنے چاہئیں۔
پاکستانی گلوکار بلال مقصود نے یوٹیوب پر اشتہارات سے متعلق انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا کہ یوٹیوب پر قرآن پاک کی سورۃ اور دعاؤں کو مونیٹائز نہیں کرنا چاہیے ۔
بلال مقصود نے کہا کہ تصور کریں کہ آپ یوٹیوب پر سورۃ رحمان کی تلاوت سن رہے ہوں اور درمیان میں کسی لان یا کھانے پکانے کے کوکنگ آئل کا اشتہار آجائے، ایسا ہونا بہت بے ادبی کی بات ہے۔
گلوکار بلال مقصود کی تجویز پر مداحوں نے ان کی حمایت کرتے ہوئے تجویز کو درست قرار دیا۔ اس کے علاوہ پاکستانی فنکاروں کو بھی بلال مقصود کی تجویز بھاگئی ہے۔