انجن التان کے پاکستانی الیکشن میں حصہ لینے کے سوال پر جواب نے سب کے دل جیت لیے

Last Updated On 12 August,2020 05:32 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ترک گیمز آف تھرونز کہلائے جانے والے ڈرامے’’ارطغرل غازی‘‘ کے ہیرو انجن التان نے پاکستانی الیکشن میں حصہ لینے کے سوال پر انتہائی دلچسپ اور خوبصورت جواب دیکر سب کے دل جیت لیے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں اسلامی تاریخ پر مبنی ترک ڈرامے ’’ارطغرل غازی‘‘ کو مقبولیت کے ساتھ ڈرامے کے اداکاروں کو بھی بے حد شہرت ملی ہے اور ڈرامے کے دونوں مرکزی کرداروں ارطغرل غازی اور حلیمہ سلطان کو تو بے حد پسند کیا جارہا ہے۔

کچھ روز قبل انجن التان کی پاکستان میں بے تحاشہ مقبولیت کے پیش نظر پاکستان کے سرکاری ٹی وی چینل پی ٹی وی سے ان کا انٹرویو نشر کیا گیا جس میں میزبان نے ان سے نہایت دلچسپ سوال پوچھا کہ ارطغرل کے کردار کو پاکستان میں بہت زیادہ پسند کیاجاتا ہے لہذا اگر آپ بطور ارطغرل پاکستانی الیکشن میں حصہ لیں تو زبردست کامیابی حاصل کرسکتے ہیں اس بارے میں آپ کیا کہتے ہیں؟

یہ بھی پڑھیں: عظیم مسلمان ہیرو ارطغرل غازی کون تھے؟

اس سوال پر پہلے تو انجن التان مسکرا دیئے اور پھر کہا کہ اتنی پسندیدگی کا شکریہ۔ یہ آپ لوگوں کی ذرہ نوازی ہے، میں آپ سب کا بے حد مشکور ہوں۔ مجھے پاکستان سے بہت محبت ملی ہے، اتنی محبت ملنے اور چاہے جانے پر یقیناً بہت اچھا محسوس ہوتا ہے۔

انجن التان نے کہا کہ پاکستان ہمارا بھائی اور دوست ملک ہے، ہم نے بچپن پاکستان کے ساتھ اپنی محبت کے جذبات کے اظہار میں گزارا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں ایک فلم میں کام کرچکا ہوں فلم میں حصہ لینے کے لیے پاکستان سے پائلٹ آئے تھے اور ہم نے بہت اچھے طریقے سے گھل مل کر کام کیا۔ یہ سب کچھ پاکستان کے ساتھ ہم ترکوں کی محبت اور ایک برادر ملک ہونے کی وجہ سے تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان سے محبت، ڈراموں اور فلموں میں کام کرنے کی خواہش ہے: ارطغرل

انجن التان نے پاکستان کے ساتھ اپنی جذباتی وابستگی بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح اپنے ایک برادر ملک پاکستان سے محبت کے اظہار نے مجھے بڑا جذباتی بنادیا ہے، میں ویسے بھی پاکستان کا بڑا مداح ہوں لیکن میں آپ کو بتادوں کہ سیاست، سیاستدانوں کا کام ہے اور میں ایک اداکار ہوں اور میرا کام اداکاری کرنا ہے لہذا یہ ہو نہیں سکتا۔
 

Advertisement