کیٹ ونسلیٹ کا بڑا کارنامہ، ٹام کروز کا ریکارڈ توڑ دیا

Published On 05 November,2020 11:33 am

لاس اینجلس: (روزنامہ دنیا) ہالی وڈ اداکارہ کیٹ ونسلیٹ نے 7 منٹ تک زیر آب سانس روک کر ٹام کروز کا ریکارڈ توڑ دیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سال 2015 میں ٹام کروز نے فلم مشن امپوسبل روگ نیشن میں 6 منٹ تک پانی کے اندر ایک سٹنٹ کیلئے سانس روک کر سین عکس بند کرایا تھا اور اب وہ ریکارڈ 5 سال بعد ہالی ووڈ کی اداکارہ کیٹ ونسلیٹ نے توڑ دیا ہے۔

کیٹ ونسلیٹ نے یہ ریکارڈ فلم اوتار 2 کی عکس بندی کے دوران اپنے نام کیا۔ کیٹ ونسلیٹ کا کہنا ہے کہ ان کی نظر اس ریکارڈ پر نہیں تھی وہ تو اپنا سین دلجمعی سے کر رہی تھیں اور ریکارڈ بن گیا۔

فلم اوتار 2 کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس کے متعدد مناظر زیرآب شوٹ کئے گئے ہیں جس میں کیٹ ونسلیٹ واٹر پرسن کے طور پر نظر آئیں گی۔

مذکورہ فلم، 2009 میں ریلیز ہونے والی اوتار کا سیکوئل ہے۔ اوتار نے باکس آفس پر اچھی خاصی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 2 ارب 79 کروڑ ڈالر کی کمائی کی تھی جس پر فلم کے ڈائریکٹر جمیز کیمرون نے 5 سیکوئلز بنانے کا اعلان کیا تھا جو 11 برس بعد بھی حقیقت نہ بن سکا۔
 

Advertisement