لندن: (ویب ڈیسک) پائریٹس آف دی کیریبیئن کے کیپٹن جیک سپیرو اور ہالی وڈ کے مشہور اداکار جونی ڈیپ برطانیہ کے اخبار ’دی سن‘ سے ہرجانے کا مقدمہ ہار گئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جونی ڈیپ نے برطانوی اخبار پر ’یکطرفہ‘ اور ’جھوٹا‘ مضمون شائع کرنے پر گزشتہ برس جنوری میں ہرجانے کا مقدمہ دائر کیا تھا۔
برطانوی میڈیا دی سن نے جو مضمون لکھا تھا اس کا عنوان ’بیوی پر تشدد کرنے والا‘ رکھا گیا تھا۔ اس مضمون میں بتایا گیا تھا کہ کس طرح جونی ڈیپ نے اپنی اہلیہ کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔
مضمون میں جہاں جونی ڈیپ کو بیوی پر تشدد کرنے والے شخص کے طور پر پیش کیا گیا، وہیں ان کی سابق اہلیہ امبر ہیرڈ کو مظلوم خاتون کے طور پر بھی پیش کیا گیا۔
جونی ڈیپ پر سابق اہلیہ امبر ہیرڈ نے مئی 2016ء میں الزام عائد کیا تھا کہ انہیں شوہر نے تشدد کا نشانہ بنایا۔ جونی ڈیپ نے ان کے چہرے پر موبائل فون تیزی سے مارا، ساتھ ہی اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ شوہر نے ان پر بوتل سے بھی حملہ کیا۔
امبر ہیرڈ سابق شوہر کی جانب سے تشدد کی تصاویر بھی سامنے لے آئی تھیں اور بعد ازاں دونوں میں 2017 میں طلاق ہوگئی تھی۔