نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکی ریئلٹی ٹی وی شوز کی سٹار کلوئی کارڈیشین نے تصدیق کی ہے کہ وہ کرونا وائرس میں مبتلا تھیں۔ گزشتہ ماہ ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا تھا۔
امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق کلوئی کارڈیشیئن نے اس بات کی تصدیق ایک ویڈیو پیغام میں کی۔ یہ ویڈیو انہوں نے ایک ماہ قبل ریکارڈ کی تھی۔
ایک ماہ قبل ریکارڈ کی گئی ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ انہیں ابھی ابھی اس بات کا علم ہوا ہے کہ وہ کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ اس وقت سب سے الگ تھلگ اپنے کمرے میں بند ہیں۔ طبیعت بہتر ہے لیکن گزشتہ کئی روز بہت خراب گزرے۔
کلوئی کارڈیشین نے مزید بتایا کہ انہیں کئی دن سے مسلسل کھانسی، چکر آنے، متلی، سر درد اور کبھی ٹھنڈ و کبھی گرمی لگنے کی شکایت تھی۔ جبکہ کھانسی کے ساتھ ساتھ انہیں سینے میں جلن بھی محسوس ہوتی تھی۔
ان کی یہ ویڈیو ان کی بہن کم کارڈیشئن ویسٹ کے اس ویڈیو کلپ کے جاری ہونے کے ایک دن بعد ریلیز کی گئی ہے جس میں کم کارڈیشیئن کو وبائی مرض کی موجودگی میں اپنی 40 ویں سال گرہ ایک نجی جزیرے پر اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ مناتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
اس کلپ پر انہیں سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ کم نے سال گرہ کی کلپ اور تصاویر خود سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ مسلسل دو ہفتوں تک مختلف اسکرینز اور قرنطینہ سے متعلق ہر ایک سے معلومات حاصل کرنے کے بعد سال گرہ منانے گئی تھی۔