لاہور: اداکارہ نیلو بیگم کو سپرد خاک کر دیا گیا

Published On 31 January,2021 08:23 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ماضی کی معروف اداکارہ نیلو بیگم کی نماز جنازہ حالی روڈ گلبرگ میں ادا کی گئی، جس کے بعد انھیں دربار حضرت میاں میرؒ سے ملحقہ قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

نماز جنازہ میں فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نیلو بیگم کے انتقال پر اداکار شان اور سوگوار اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

تفصیل کے مطابق اداکار شان کی والدہ اور ہدایتکار وفلمساز ریاض شاہد کی اہلیہ ماضی کی معروف اداکارہ نیلوبیگم کی نماز جنازہ حالی روڈ گلبرگ میں ادا کر دی گئی ہے۔ نماز جنازہ میں شوبز اور دیگر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

نماز جنازہ میں ڈائریکٹر حسن عسکری، سید نور، اداکار افضل خان المعروف جان ریمبو، غلام محی الدین، اداکار معمر رانا، راشد محمود، شفقت چیمہ، گلوکار وارث بیگ، قیصر پیا، شاہد خان، ناصر ادیب و دیگر نے شرکت کی۔

نیلو بیگم کو دربار حضرت میاں میر سے ملحقہ قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ اداکارہ صائمہ نور، نغمہ بیگم اور اداکارہ میرا نے بھی سوگوار خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔

ماضی کے معروف اداکارہ نیلو بیگم نے لازوال کردار ادا کئے اور کئی ایوارڈز اپنے نام کئے۔ ساتھی فنکار نیلو بیگم کی وفات پر غمزدہ دکھائی دیئے اور ان کی فنی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ نیلو بیگم کا خلا کبھی پر نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے بہترین اداکاری کے جوہر دکھائے۔ نیلو بیگم نے بطور ماں اور بیوی شاندار کردار ادا کیا۔