اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے اداکار شان شاہد کی والدہ اداکارہ نیلو کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئےمرحومہ کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹر پیغام میں اداکار شان شاہد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ والدہ کی وفات پر دعائیں اور ہمدردیاں مرحومہ کے سوگوار خاندان کے ساتھ ہیں۔
والدہ کی رحلت پر میری دعائیں اور ہمدردیاں @mshaanshahid ساتھ ہیں۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) January 31, 2021
قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے بھی اداکارہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ وہ فن کی بلندیوں کا بڑا نام اور باصلاحیت اداکارہ تھیں۔ وفاقی وزیر نے اداکارہ کی مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر کی دعا کی۔
اداکار شان کی والدہ اور معروف اداکارہ نیلو کے انتقال پر افسوس ہے۔وہ فن کی دنیا کا ایک بڑا نام اور ایک باصلاحیت اداکارہ تھیں۔اللہ تعالی مرحومہ کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔آمین
— Senator Shibli Faraz (@shiblifaraz) January 30, 2021
گزشتہ روز شان شاہد نے ٹویٹر پیغام کے ذریعے والدہ کی وفات کی اطلاع دی تھی۔ واضح رہے کہ نیلو ماضی کی معروف اداکارہ تھیں جنہوں نے فلموں ’زرقہ‘، ’دو راستے‘، ’گھونگھٹ‘ اور ’راستے ‘ سمیت دیگر میں یادگار کردار نبھائے۔ انہیں 1969 میں ریلیز ہوئی فلم ’زرقہ‘ میں بہترین اداکاری پر ’نگار ایوارڈ‘ سے بھی نوازا گیا تھا۔