ہالی وڈ: (دنیا نیوز) ہالی وڈ کا تاریخی سینما گھر کورونا وبا کے بعد دوبارہ کھول دیا گیا، معروف ہدایت کاروں اور شخصیات نے فیتا کاٹ کر افتتاح کیا۔
ٹی سی ایل چائنیز تھیٹر کا قیام 1927 میں عمل میں آیا تھا اور یہ ہالی وڈ واک آف فیم میں واقع ہے۔ فلم گوڈزیلا ورسز کانگ کے ڈائریکٹر ایڈم ونگارڈ نے فلم میکرز گریتھ ایڈورڈ، جارڈن رابرٹ اور مائیکل ڈگرتھی کے ہمراہ سینما گھر دوبارہ کھلنے کی تقریب میں شرکت کی اور رسمی طور پر سرخ فیتہ بھی کاٹا۔ فلم گوڈزیلا ورسز کانگ نمائش کیلئے کل پیش کی جائے گی، فلم کا شو کامیاب بنانے کیلئے ایک ہزار ٹکٹ کم آمدنی والے خاندانوں میں تقسیم کئے گئے ہیں۔
تھیٹر میں کورونا سے بچاؤ کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں اور شیشوں کی موٹی تہہ سے ہر سیٹ کو ایک دوسرے سے الگ کیا گیا ہے۔ شو کے دوران وقفے وقفے سے سینی ٹائز کرنے کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔