ممبئی: (دنیا نیوز) بالی وڈ کی متنازعہ اداکارہ کنگنا رناوت نے مسلمان دشمنی کا ثبوت دیتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان المبارک میں افطار پارٹیوں پر پابندی لگائی جائے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز کنگنا رناوت نے وزیراعظم نریندر مودی سے ٹوئٹر پر درخواست کی، پرائم منسٹر جی براہ مہربانی رمضان میں اجتماعات (افطار پارٹیوں) پر پابندی لگائی جائے ۔ تاہم سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے بعد کنگنا نے یہ ٹویٹ ڈیلیٹ کردیا۔ لیکن ٹویٹ کا سکرین شاٹ وائرل ہوگیا ۔
واضح رہے کہ کنگنا رناوت ماضی میں بھی متنازع بیانات پر عوام کی شدید تنقید کا نشانہ بنتی رہی ہیں۔ بھارتی وزیراعظم مودی کی جانب سے ظالمانہ طرز کے زرعی قوانین متعارف کروانے پر جہاں بھارت بھر میں احتجاج شروع ہوا تو اپنی عادت سے مجبور کنگنا نے کسان مظاہرین کے خلاف بیان بازی شروع کر دی جس پر انہیں شدید عوامی رد عمل کا سامنا کرنا پڑا اور اپنے بیانات پر یوٹرن لینا پڑا۔