پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا حکومت نے بھارتی فلم انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار اور راج کپور کے گھروں کی خریداری کےلیے اقدامات تیز کردیئے ،متعلقہ مالکان سمیت تحصیلدار اور پٹواری کو نوٹس جاری کردیئے
صوبائی حکومت نے پشاور میں بھارتی فلم کے لیجنڈ اداکاردلیپ کمار کے گھر اور راج کپور کی حویلی کو خریدنے کےلیے اقدامات مزید تیز کردیئے ، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس سلسلے میں حتمی نوٹس جاری کردیا گیا ،جس میں متعلقہ گھروں کے مالکان کو اعتراضات جمع کرنے کی ہدایات کی گئیں ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 18 مئی کے بعد مالکان کی جانب سے کوئی عذر قبول نہیں ہوگا،متعلقہ تحصیلدار اور پٹواری ریکارڈ سمیت طلب کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ صوبائی حکومت نے دلیپ کمار کےگھرکی قیمت 80لاکھ روپے لگائی ہے جبکہ گھر کے مالک نے 25 کروڑ روپے مانگے تھے ،صوبائی حکومت نے راج کپور حویلی کی قیمت ڈیڑھ کروڑ روپے لگائی ہے جبکہ مالک کی جانب سے 2 ارب روپے کا مطالبہ کیا گیا ہے